شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد

23

لاہور: سپیشل سینٹرل کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی ضمانت منسوخی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سپیشل سینٹرل کورٹ میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست کی سماعت ہوئی جس دوران حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی۔ 
امجد پرویز ایڈووکیٹ کی جانب سے شہباز شریف کی حاضری معافی سے متعلق دائر درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث ایک روز کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ 
ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہباز شریف کو سپریم کورٹ میں کسی نے نہیں بلایا جس پر وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ایف آئی اے نے سپریم کورٹ کا جو حکم پیش کیا اس کی مصدقہ نقل نہیں ہے۔ 
شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فریقین کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کرنے کی درخواست مسترد کر ی جبکہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہباز شریف و حمزہ سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم کیلئے 11 اپریل کو طلب کرلیا۔

تبصرے بند ہیں.