عمران خان کے بطور نگران وزیراعظم کام کرنے کا اعلامیہ جاری

241

اسلام آباد: صدر مملکت کی جانب سے ایوان صدر نے عمران خان کے بطور نگران وزیراعظم اپنا کام جاری رکھنے سے متعلقہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل 224 اے کے تحت اپنا کام جاری رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صدر مملکت نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر قومی اسمبلی تحلیل کی جس کے بعد قائم مقام کی تقرری تک وزیراعظم کے عہدے پر برقرار رہنے کا نوٹیفکیشن رات گئے تک جاری نہ ہوسکا تھا اور ملک میں آدھی رات تک کوئی وزیراعظم نہیں تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے سوموٹو نوٹس کی وجہ سے صدر مملکت عارف علوی نوٹیفکیشن پر ہچکچاہٹ کا شکار تھے اور انہوں نے آئین کے آرٹیکل 94 کے تحت نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا اور موجودہ وزیراعظم کو ہی اس وقت تک اپنے عہدے پر برقرار رکھا جب تک ان کی جگہ کوئی وزیراعظم کا عہدہ نہیں سنبھال لیتا۔
واضح رہے کہ آئین کے آرٹیکل 94 کے تحت صدر، وزیراعظم سے کہہ سکتا ہے کہ وہ اس وقت تک اپنے عہدے پر برقرار رہیں جب تک ان کی جگہ کوئی اور وزیراعظم کا عہدہ نہیں سنبھال لیتا۔
دریں اثناءقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے قائم مقام وزیراعظم کی تقرری سے متعلق موجودہ وزیراعظم سے مشاورت سے انکار کردیا تھا۔انہوں نے اس عمل کو ہی غیر آئینی قرار دیا حالانکہ قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے تین روز کے اندر قائم مقام وزیراعظم کی تقرری کا عمل مکمل کرنا ہوتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.