وزیراعظم پاکستان عمران خان کا اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان

55

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد مستر د ہونے کے بعد اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر مملکت کو تجویز بھجوا دی ہے، قوم سے کہتا ہوں کہ انتخابات کی تیاری کریں۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے قوم سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ساری قوم پریشان تھی کہ ایک غداری اور سازش کی جا رہی ہے لیکن میں انہیں پیغام دینا چاہتا ہوں کہ گھبرانا نہیں ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کے پیچھے فارن ایجنڈا تھا اور عوام کی منتخب کردہ حکومت کو گرانے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے، جنہوں نے اس مقصد کیلئے پیسے لئے، وہ لنگر خانوں میں دیدیں، جبکہ عوام انتخابات کی تیاری کریں کیونکہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ انہوں نے کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 27 رمضان کو پاکستان وجود میں آیا تھا اور یہ قوم ایسی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی، سپیکر نے اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد مسترد کی ہے جس کے بعد میں نے صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز بھیج دی ہے۔
غداروں اور باہر بیٹھی قوتوں کے پاس اس فیصلے کا اختیار نہیں ہونا چاہئے کہ پاکستان کا مستقبل کس کے ہاتھوں میں ہو گا بلکہ یہ اختیار عوام کا ہے اور میں انہیں پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ آئندہ انتخابات کی تیاری کریں۔

تبصرے بند ہیں.