اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ کے موقع پر ایم این اے علی وزیر بھی آج اپنا ووٹ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ نے علی وزیر کی آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تمام اپوزیشن رہنماؤں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے علی وزیر کے لیے آواز بلند کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکر نے تو ہماری درخواست پرپروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیا مگر جب ہم سپریم کورٹ گئے تو اسپیکر نے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیا۔جس کے بعد علی وزیر آج قومی اسمبلی کے اہم ترین اجلاس میں شریک ہو سکیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف متحدہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آج قومی اسمبلی اجلاس میں ہونے جا رہی ہے، اہم اجلاس صبح ساڑھے گیارہ بجے شروع ہو گا، سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ریڈ زون کو حساس ترین ایریا قرار دے دیا گیا ہے۔ اجلاس کیلئے چھ نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے، تلاوت اور نعت کے بعد وقفہ سوالات ہوگا جبکہ ایجنڈے میں تیسرے نمبر پر توجہ دلاؤ نوٹس ہے اور تحریک عدم اعتماد چوتھے نمبر پر شامل ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے موقع پر اسلام آباد کے ریڈزون میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ریڈ زون کو حساس ترین ایریا قرار دیدیا گیا ہے اور پارلیمنٹ ہاؤس جانیوالے راستے سیل کردیئے گئے۔کسی بھی سیاسی جماعت کے کارکن کوریڈزون میں داخلےکی اجازت نہیں ہوگی جب کہ اسلام آباد میں آج اور کل ڈبل سواری پرپابندی لگا دی گئی ہے، میٹرو بس سروس بھی بند رہے گی۔
قومی اسمبلی اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے لئے اسلام آباد پولیس کے علاوہ اضافی نفری دیگر صوبوں سے بھی طلب کی گئی ہے۔3 ہزار اہلکار پنجاب پولیس، ایک ہزار ایف سی پہلے سے اسلام آباد میں موجود ہیں، دو مختلف شفٹوں میں مجموعی طور پر 8 ہزار سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر دیں گے جبکہ سیکیورٹی انتظامات میں رینجرز بھی معاونت کرے گی۔
تبصرے بند ہیں.