وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد، قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہو گا

14

اسلام آباد: ملک کی سیاسی  تاریخ کا اہم ترین موڑ آ گیا، وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث  کیلئے قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج دن چار بجے ہوگا۔

 

 

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اہم اجلاس کا چوبیس نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ، تحریک عدم اعتماد کو چوتھے نمبر پر بحث کے لئے شامل کیا گیا ہے ۔  شہباز شریف  عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث کا آغاز کریں گے۔ اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں حساس خط کو زیر بحث لانے کی پیشکش پر  بھی غور ہوگا۔ْ

 

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پیر کو وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی  جس کے بعد وزیراعظم عمران خان تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے والے  پاکستان کی تاریخ کے  تیسرے وزیراعظم بن گئے۔

 

خیال رہے کہ گزشتہ اجلاس کے دوران تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ اس تحریک کے حق میں کھڑے ہو جائیں تاکہ ان کی تعداد گنی جا سکے۔ آئین کے مطابق اسمبلی میں موجود 20 فیصد ایم این ایز کو ووٹنگ کے لیے حمایت کا اظہار کرنا ہوتا ہے۔

تحریک کے حق میں کھڑے ہونے والے ارکان کی گنتی کے بعد ڈپٹی سپیکر نے تحریک عدم اعتماد پر بحث کی منظوری دیتے ہوئے مزید کہا کہ یہ 31 مارچ بروز جمعرات شام 4 بجے ہو گی۔ تاہم قرارداد پر ووٹنگ 1 سے 4 اپریل کے درمیان متوقع ہے۔قرارداد پر ووٹنگ تین دن کی میعاد ختم ہونے سے پہلے یا اس دن سے سات دن کے اندر کروانی ضروری ہے۔

 

 

یاد رہے کہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے  8 مارچ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں عدم اعتماد کی قرارداد  کے نوٹس کے ساتھ ریکوزیشن جمع کرائی تھی۔وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد کے نوٹس پر 152 اپوزیشن ارکان نے دستخط کیے تھے۔ جس میں کہا گیا کہ  اس ایوان کا خیال ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم جناب عمران خان پاکستان کی قومی اسمبلی کے ارکان کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں، اس لیے انہیں عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔

 

تبصرے بند ہیں.