پہلا ون ڈے: پاکستان کا آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

34

 

لاہور: پاکستان نے  پہلے ون ڈےمیں آسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق  پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جا رہا ہے۔

 

دونوں ٹیموں نے ون ڈے سیریز کیلئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور عمدہ کارکردگی کے ذریعے اپنی اپنی جیت کیلئے پرعزم ہیں۔

 

 

مہمان ٹیم کے کپتان ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ پاکستانی باؤلرز کو کھیلنا ایک چیلنج ہے جبکہ پاکستانی اوپنر فخر زمان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم میں بڑے نام شامل نہیں ہیں، پھر بھی انہیں ہلکا نہیں لے سکتے۔

 

 

قومی ٹیم  بابر اعظم  ، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان ، سعود شکیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف اور  زاہد محمود پر مشتمل ہے۔

 

 

آسٹریلوی ٹیم میں کپتان ایرون فنچ کے علاوہ  ٹریوس ہیڈ، بین میک ڈرموٹ، مارنس لیبوشین، مارکس اسٹوئنس، کیمرون گرین، الیکس کیری ، شان ایبٹ، نیتھن ایلس، ایڈم زمپا اور  مچل سویپسن کو شامل کیا گیا ہے۔

 

 

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے آل راؤنڈر مچل مارش فیلڈنگ ڈرلز کے دوران انجری کا شکار ہوگئے جس کے باعث آج کے میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہیں جبکہ  آسٹریلوی  وکٹ کیپر جوش انگلس کے بعد اسپنر ایشٹن ایگر بھی کورونا کا شکار ہو گئے ہیں ،  کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے کے بعد  ایشٹن ایگر ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے، جبکہ  آسٹریلوی ٹیم کے  فیزیو تھراپسٹ برینڈن ولسن کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

 

 

خیال رہے کہ ون ڈے سیریز کے دیگر 2 میچز بھی لاہور میں ہیں جو 31 مارچ اور یکم اپریل کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹی 20 میچ بھی ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.