لاہور: پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے آسٹریلین ٹیم میں شامل آل راؤندر مچل مارش نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے بہترین جگہ ہے اور یہاں کرکٹ ہونی چاہئے۔ پاکستان وائٹ بال ٹیم بہت اچھی ہے اس لئے ہم سب کے پاس اچھی کارکردگی دکھانے کا زبردست موقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے مچل مارش نے کہا کہ گزشتہ روز ٹیسٹ سیریز میں جیت کی خوشی منائی اور سب نے اکٹھے ڈنر کیا۔ ٹیسٹ سیریز میں فتح سے تمام کھلاڑی بہت لطف اندوز ہوئے اور سب ہی ون ڈے سیریز کیلئے تازہ دم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تمام تر توجہ ون ڈے سیریز پر مرکوز ہے، سیریز سے قبل ٹریننگ سیشن بھی ملیں گے جس کے باعث تیاری کا بہترین موقع ملے گا، امید ہے کہ ٹیسٹ سیریز کی طرح ون ڈے سیریز بھی زبردست ہو گی اور شائقین کرکٹ کو بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
سٹیو سمتھ کی ٹیم میں عدم موجودگی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں جن کی غیر موجودگی محسوس ہو گی ، پاکستان وائٹ بال ٹیم بہت اچھی ہے اور ہم سب کے پاس موقع ہے کہ اچھا پرفارم کریں، لاہور میں ہائی سکورنگ میچز ہونے کی توقع ہے جبکہ اوس کا کردار بھی اہم ہو گا۔
پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مچل مارش کا کہنا تھا کہ یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں اور ہمارا اچھا خیال رکھا جا رہا ہے، ہوٹل بہت اچھا ہے اور ہمیں بہت محفوظ رکھا جارہا ہے۔ پاکستان کرکٹ کیلئے اچھی جگہ ہے، ٹیم بھی بہت اچھی ہے، یہاں انٹرنیشنل کرکٹ تواتر کے ساتھ ہونی چاہئے۔
تبصرے بند ہیں.