پاکستان کا جہاز کسی بھی وقت پرانے پاکستان میں لینڈ کرنے والا ہے: مریم نواز

56

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی تیار ہو جائیں اور سیٹ بیلٹس باندھ لیں کیونکہ پاکستان کا جہاز کسی بھی وقت پرانے پاکستان میں لینڈ کرنے والا ہے۔ 
مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی کامیابی کا سہرا کارکنوں کے سر جاتا ہے اور میں پارٹی رہنماؤں، قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان کو مبارکباد پیش کرتی ہوں جنہوں نے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا مگر نواز شریف کے ساتھ کھڑے رہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے بڑی بڑی تحریکوں کو لیڈ کیا اور اللہ نے کامیابی عطاءکی۔ کل مسلم لیگ (ن ) کا قافلہ آپ کی بیٹی مریم نواز، آپ کے بیٹے حمزہ شہباز کی شرکت کے ساتھ جی ٹی روڈ پر اس تحریک کو کامیاب بنانے جا رہا ہے جس کا آغاز نواز شریف نے 2017ءمیں اقتدار سے نکالے جانے کے بعد جی ٹی روڈ سے کیا تھا۔ 
مریم نواز شریف نے کہا کہ جی ٹی روڈ کا یہ سفر نواز شریف کے پاکستان میں لے کر جائے گا، پاکستانیو! تیار ہو جاؤ، سیٹ بیلٹس باندھ لو کیونکہ پاکستان کا جہاز کسی بھی وقت پرانے پاکستان میں لینڈ کرنے والا ہے۔ 
عمران خان روز کہتا ہے میرے پاس بڑے پتے ہیں، میں کہنا چاہتی ہوں کہ خزاں کی طرح تمہارے سارے پتے جھڑ چکے، اور تمہارا پتا کٹ چکا ہے، تمہارا ٹرمپ کارڈ یہ ہے کہ سیاست سے دستبردار ہو جاؤ۔ 

تبصرے بند ہیں.