حکومت نے احتجاج کی اجازت نہ دی تو ہنگامہ کریں گے: آصف علی زرداری

13

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے احتجاج کی اجازت نہ دی تو ہنگامہ کریں گے، اللہ نے چاہا تو تحریک عدم اعتماد 100 فیصد کامیاب ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمینٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری سے صحافی نے سوال کیا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی اجازت نہ دی تو پھر کیا کریں گے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’پھر آپ کے ساتھ مل کر ہنگامہ کریں گے۔‘ 
صحافیوں کی جانب سے غیر جمہوری قوتوں کے فائدہ اٹھانے سے متعلق سوال پر سابق صدر کا کہنا تھا کہ اس کیلئے حکمت عملی ایک ہی ہے کہ اگر کسی کو اتنا شوق ہے تو آئے اور سنبھال لے۔ 
واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کیلئے اپوزیشن کے مطالبے پر قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اور غیر معمولی اجلاس آج ہو رہا ہے جس کے ایجنڈے میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی شامل ہے۔ 
اجلاس کے ایجنڈے میں بتایا گیا ہے کہ ایوان کے 152 ارکان کی رائے ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں لہٰذا انہیں عہدے سے ہٹا دیا جائے۔ 

تبصرے بند ہیں.