پاکستان میں مسلسل دوسرے روز کورونا وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی

15

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے لگا ہے اور عوام کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ مسلسل دوسرے روز کورونا وائرس سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کیلئے 30 ہزار 54 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 210 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
گزشتہ روز کورونا وائرس سے کسی کی موت واقع نہیں ہوئی جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0.69 فیصد ریکارڈ کی گئی تاہم 445 مریضوں کی حالت تشویشناک بھی بتائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 22 مارچ کو بھی ملک بھر میں کورونا وائرس سے کسی شخص کا انتقال نہیں ہوا تھا اور گزشتہ 2 سال کے دوران ایسا پہلا موقع ہے اور آج ملک بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکت کے بغیر مسلسل دوسرا دن ہے۔
واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے باعث گزشتہ دنوں ملک بھر میں تمام پابندیاں ختم کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
انہوں نے نیوز بریفنگ میں بتایا تھا کہ ویکسین لگوانے کی پابندی ابھی برقرار رہے گی کیونکہ کورونا مکمل طور پر ختم ہوا جبکہ یہ بھی ممکن ہے کہ پابندیاں ختم کرنے سے وباءمیں کچھ اضافہ ہو لیکن دوبارہ اقدامات بھی کئے جا سکتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.