لاہور: اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ کوششیں رنگ لے آئیں، حکومت کی تین اہم اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کے معاملے میں اپوزیشن کی حمایت کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا اعلان 25 مارچ کو متوقع ہے۔
نجی ٹیلی ویژن نے دعوٰ یٰ کیا ہے کہ وفاق اور پنجاب میں حکومت کے اہم اتحادیوں کو جوڑنے اور اپنے ساتھ ملانے کی مشترکہ اپوزیشن کی کوششوں کا نتیجہ بالآخرسامنے آگیا ہے اور اتحادی جماعتوں مسلم لیگ (ق)، ایم کیو ایم پاکستان اور بلوچستان عوامی پارٹی نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کے تین بڑے اتحادی اپنے فیصلے کا اعلان چوہدری برادران کے گھر پر مشترکہ پریس کانفرنس میں کریں گے جوکہ 25 مارچ کو متوقع ہے۔ فی الوقت حکومتی اتحادی اپوزیشن کی حمایت کے بارے میں اپنے فیصلے کا اعلان کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی بنا رہے ہیں، تاہم اتحادیوں نے ابھی تک ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد ملک میں غیر یقینی کی فضا اور سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ جاری ہے۔
قبل ا زیں حکمران جماعت پی ٹی آئی کے اپنے ہی 24 منحرف اراکین اسمبلی نے حکومت کو بڑا دھچکا دیتے ہوئے عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تاہم اب حکومت کو اپنے اتحادیوں کی حمایت کھونے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.