وزیراعلیٰ بلوچستان کی تعلیمی ادارے فوری کھولنے کی ہدایت

9

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں سیکیورٹی اداروں کے حکام نے سیکیورٹی صورتحال اور حفاظتی اقدامات پر بریفنگ دی۔ 
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہماری فورسز دہشت گردی سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور حال ہی میں سیکیورٹی اداروں نے نوشکی، پنجگور اور تربت میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بنائے ہیں۔ 
انہوں نے سیکیورٹی اداروں کو چوکس اور مستعد رہتے ہوئے موجودہ صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ماہ صیام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے۔ 
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ اور گوادر سمیت دیگر اضلاع میں سیکیورٹی پلان کی ازسر نو تشکیل سمیت دیگر اہم فیصلے کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کوئی بھی سیکیورٹی الرٹ جاری کرنے سے پہلے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تمام سرکاری اورنجی تعلیمی ادارے 2روز کیلئے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ آج اورکل ہونے والے میٹرک کے امتحانات بھی ملتوی کر دئیے گئے ہیں۔ 
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں دہشت گرد حملوں کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا تھا اور کوئٹہ، سبی، مچھ اور چمن ریلوے سٹیشنز پر سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی تھی۔ 
ذرائع کا کہنا تھا کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے بعد محکمہ تعلیم نے کوئٹہ میں تمام سرکاری اورنجی تعلیمی اداروں سمیت جامعہ بلوچستان بھی 2روز کیلئے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا اور میٹرک کے پرچے بھی ملتوی کئے تھے۔ 

تبصرے بند ہیں.