حکومتی اراکین قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلانے پر متفق

87

 

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے منحرف ارکان کو راضی کرنے کا ٹاسک شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کو سونپ دیا  جبکہ حکومتی اراکین نے قومی اسمبلی کااجلاس21مارچ کوطلب کرنے پراتفاق کیا ہے۔

 

 

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت  سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس  میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،  وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک،  شیخ رشید، فواد چوہدری، شفقت محمود ،اٹارنی جنرل سمیت دیگرسینئرقیادت شریک ہوئی۔

 

اجلاس کے دوران قومی اسمبلی اجلاس بلانے سے متعلق شرکا کو بریفنگ دی گئی جس کے بعد حکومتی اراکین نے  قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلانے پر اتفاق کیا ۔

 

 

اجلاس میں سندھ پولیس کے اہلکاروں کی اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں موجودگی پر بھی بریف کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ ہاؤس کو ہارس ٹریڈنگ کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے نہ ہی اس غیر قانونی اقدام کی کسی صورت اجازت دی جائے گی، متعلقہ اداروں کو کارروائی کیلئے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ہدایت جاری کی گئی۔ وزیراعظم نے وفاقی ایجنسیوں کو سندھ ہاؤس کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی بھی  ہدایت  کی جبکہ حکومت کی جانب سے بھرپور جوابی ردِعمل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

 

اجلاس میں منحرف ارکان سے متعلق بھی بات چیت ہوئی،  وزیراعظم نے منحرف ارکان کو منانے کا ٹاسک شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کو دے دیا ۔

 

تبصرے بند ہیں.