پی ٹی آئی کا مسلم لیگ (ق) کو وزارت اعلیٰ دینے سے انکار

283

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کو وزارت اعلیٰ دینے سے انکار کر دیا ہے اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے اس حوال ےسے مونس الٰہی کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ 
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ق ) کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بناتی ہے تو بن جائیں، پانچ سیٹوں پر وزیراعلیٰ بنانے کی ڈیمانڈ بلیک میلنگ ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع پرویز خٹک کا موقف ہے اتحاد متوازن سیاسی اصولوں پر ہی ممکن ہے، ہر مشکل میں بلیک میل کرنا مناسب رویہ نہیں۔ پرویز خٹک نے اس حوالے سے مونس الٰہی کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے طارق بشیر چیمہ کے بیانات کو بھی توہین آمیز قرار دیدیااور کہا کہ طارق بشیر کی جگہ کوئی اور ہوتا تو کابینہ سے استعفیٰ دیدیتا۔ 
واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کئے جانے کے بعد سیاسی ماحول میں خاصی گرما گرمی ہے اور دونوں فریقین اپنی اپنی جیت کو یقینی بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ 
اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کیلئے اپوزیشن کے پاس مطلوبہ تعداد پوری ہے جبکہ حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنماءپرویز الٰہی نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ اتحادیوں کا 100 فیصد جھکاؤ اپوزیشن کی طرف ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.