تحریک عدم اعتماد، اپوزیشن آج حتمی حکمت عملی طے کرے گی، اتحادی جماعتوں کو حکومتی لچک کا انتظار

13

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حکومتی اتحادی کس کیمپ میں شریک ہوں گے؟ اس حوالے سے آج اہم فیصلے متوقع ہیں جبکہ اپوزیشن آج اپنی حتمی حکمت عملی بھی طے کرے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حکومتی اتحادیوں کو اہم پیش رفت کیلئے حکومتی لچک کا انتظار ہے جبکہ اپوزیشن قیادت آج اتحادیوں کے حوالے سے حتمی فیصلے کرے گی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپو زیشن قیادت (ق) لیگ کے ساتھ سیاسی تعاون کیلئے آپشنز کا جائزہ لے گی تو دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کو بھی مسلم لیگ (ق) کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرنا ہو گا۔ 
ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد کیلئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے تعاون لینے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو سندھ سے متعلق اقدامات پر رضامند کرنا ضروری ہو گا۔ 
اپوزیشن کے فیصلوں کی روشنی میں ہی پرویز الٰہی اور مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی ملاقات کا انحصار ہو گا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کے معاملے پر اپوزیشن آج اپنی حکمت عملی طے کرے گی جبکہ مسلم لیگ (ق)، ایم کیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) بھی آج دوبارہ مشاورت کریں گے۔ 

تبصرے بند ہیں.