فلائنگ آبجیکٹ کے معاملے پر بھارت سے وضاحت طلب کی ہے: وزیر خارجہ

11

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فلائنگ آبجیکٹ کے معاملے پربھارت سے وضاحت طلب کی ہے اور واقعے کے اصل محرکات پر غور کر رہے ہیں، ابھی چائے ٹھنڈی نہیں ہوئی اور بھارت کو مزید طلب ہو رہی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے فلائنگ آبجیکٹ آنا قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت نے دوسری مرتبہ ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے جس پر وزارت خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ بلا کر وضاحت طلب کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی اس حرکت کوان کی تکنیکی ناکامی کہیں، جارحیت یا بدنیتی کہیں؟ بھارت کواس عمل کیلئے جواب دہ ہونا پڑے گا کیونکہ بھارت کی یہ حرکت تشویشناک ہے جبکہ بھارتی وضاحت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، پاکستان نے 2019 میں بھی مدبرانہ ردعمل دیا تھا۔ 
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ 5 ممالک کے نمائندگان کو وزارت خارجہ مدعو کر کے انہیں ساری صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا اور ہمیں پوری توقع ہے کہ عالمی برادری اس کا نوٹس لے گی، ہم جارحیت کے قائل نہیں لیکن دفاع ہم نے کل بھی کیا تھا اور آئندہ بھی کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.