نادرا کا 8تا15مارچ تک خواتین کیلئے خصوصی قومی رجسٹریشن مہم کااعلان

162

 

لاہور:   عالمی یوم خواتین کے موقع پر عوام کی شب وروزخدمت میں کوشاں   نادرا نے”کسی کو پیچھے نہیں چھوڑنا“ کی حکمت عملی کے تحت ”صنفی امتیازختم کردو“ کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ملک بھرمیں8تا15مارچ کے دوران خواتین کی قومی رجسٹریشن خصوصی مہم کااعلان کردیا۔

 

ڈی جی نادرا لاہور ریجن میجر(ر)سیدثقلین عباس بخاری نے ایک مقامی یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب کے دوران طالبات وخواتین سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ8   مارچ خواتین کی قیادت اور جرات کے اعتراف کا دن ہے۔

 

اس موقع پر ڈی جی نادرا لاہور نے کہا کہ تمام نادراسینٹرزمیں نصف کاؤنٹرزخواتین کیلئے مختص جہاں خواتین سٹاف خواتین کی رجسٹریشن کریں گی، خواتین سٹاف پر مشتمل”نادراموبائل وین سروس“بھی شروع کردی گئی۔نادرا صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم پر مضبوطی سے کاربند ہے۔نادرا نہ صرف خواتین کی رجسٹریشن کیلئے گامزن ہے، بلکہ خواتین کوباعزت، باوقاراوربااختیار زندگی گذارنے کیلئے بہترین ملازمت کے بہترین مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔اس وقت نادراملازمین کی 35فیصد تعداد خواتین سٹاف پر مشتمل ہے،جوکہ کسی بھی دوسرے حکومتی ادارے سے زیادہ ہے۔

 

ڈی جی نادرالاہورریجن نے بتایا کہ خواتین سٹاف پر مشتمل نئی ”نادرا موبائل وین“بھی شروع کردی گئی ہے۔ جو کہ خواتین کی این جی اوز،گرلزکالجز،تعلیمی اداروں،دارالامان ودیگر سپانسرزکی درخواست پر کام کرے گی۔ڈی جی نادراکے دورے کے موقع پر ایک خصوصی نادرارجسٹریشن موبائل وین سارا دن صبح 9تاشام5بجے طالبات وخواتین اساتذہ کے شناختی کارڈز کی تجدید واجراء کیلئے مصروفِ کار رہی،اس میں خواتین کی بھرپورشرکت اپنے حقوق سے آگاہی اور نادر ا  پر اعتماد کا بھر پور ثبوت ہے۔

 

علاوہ ازیں لاہور ریجن کے تمام اضلاع لاہور، قصور،شیخوپورہ،گوجرانوالہ،سیالکوٹ، ننکانہ،نارووال کے تمام نادرا رجسٹریشن مراکز جمعہ کے روز صرف خواتین کی رجسٹریشن کے لئے کام کررہے ہیں۔جبکہ ہفتہ کے روز بڑے شہروں میں ایک مرکزی اور بڑے نادرا مرکز کو خواتین کی پہلی دفعہ فریش رجسٹریشن کیلئے ہفتہ کا دن مخصوص کیا گیا ہے۔  اس کے علاوہ  لاہور ریجن  کے دوردرازکے دیہاتی اور پسماندہ علاقوں میں تمام نادراموبائل وینز کو غیررجسٹرڈشہریوں باالخصوص خواتین کے پہلی دفعہ شناختی کارڈ بنوانے کیلئے خصوصی ہدایات کے ساتھ تعینات کردیاگیا۔

تبصرے بند ہیں.