پیپلز پارٹی کو ڈی چوک پر جلسے کی اجازت مل گئی

150

 

اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)  کو آج اسلام آباد کے ڈی چوک پر جلسے کی اجازت دیدی ہے  اور این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو  ملنے  والے اجازت نامے کے مطابق  جلسہ 8 مارچ کی شام 4 بجے سے 8 بجے تک کیا جا سکتا ہے ، اس دوران  نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچنے کی صورت میں  ذمہ دار پیپلز پارٹی ہو گی۔

دوسری جانب پی ڈی ایم قیادت نے  پیپلزپارٹی کے اسلام آباد جلسے میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے، پی ڈی ایم سربراہ  مولانا فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی قیادت کو اپنے  فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کا عوامی مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں  ہے، مارچ کے استقبال کے لیے جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں جبکہ جیالوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے، کہیں بینڈ باجے کی دھنوں پر پیپلزپارٹی کے ترانے بجائے گئے۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف  حکومت نے پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کو ڈی چوک پر آنے سے روک دیا تھا تاہم آج صبح پیپلزپارٹی کو ڈی چوک پر جلسے کی اجازت کا این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔

 

خیال رہے کہ بلاول بھٹو نے گزشتہ رات میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  وزیراعظم کو 24 گھنٹے میں استعفیٰ دینے کا الٹی میٹم دیدیا  تھا، بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ وزیراعظم کیلئے آج آخری رات ہو گی، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، عمران خان  استعفیٰ دیدیں ورنہ دمادم مست قلندر ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.