جہانگیر ترین گروپ کا اہم مشاورتی اجلاس آج طلب

44

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنماءجہانگیر ترین گروپ نے ملک کی سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر آج اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق یہ اہم مشاورتی اجلاس آج لاہور میں جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہو گا جس میں تحریک عدم اعتماد کی صورت میں حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین اس اہم اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔ 
ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گروپ پی ٹی آئی کے مزید ناراض ارکان سے رابطوں کا جائزہ لے گا اور پنجاب، مرکز کے حوالے سے حکمت عملی اور تجاویز پر بھی غور ہو گا۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی ایم پی اے نے دعویٰ کیا تھا کہ جہانگیر ترین کی صحت ٹھیک ہے اور وہ جلد پاکستان آئیں گے اور تحریک عدم اعتماد کا حصہ بنیں گے جبکہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ جہانگیر ترین آئندہ چند دنوں تک پاکستان نہیں آئیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کو فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی ہے۔

تبصرے بند ہیں.