پشاور: خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پشاور میں قصہ خوانی بازار کے علاقے کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں شہید ہونے والے افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے جس کے بعد شہداء کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
دوسری جانب پشاور دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر میں دہشتگردی کی دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔
ایف آئی آرکے متن میں کہاگیاہے کہ ایس ایچ او مسجد کی سیکورٹی چیک کرنے کے بعد ساتھ کی گلی میں پہنچا تو فائرنگ کی آواز سنی۔ خودکش حملہ آور کالے رنگ کے کپڑوں میں آیا جس کے پاس پستول تھا اور مسجد میں داخل ہونے سے پہلے پولیس کو نشانہ بنایا جس کے بعد خود کش بمبار نے مسجد کے اندر موجود نمازیوں پر فائرنگ کر دی اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مسجد کوچہ رسالدار میں خودکش حملہ جمعہ کی نماز کے دوران تقریباً ایک بجکر 55 منٹ پر ہوا جس کے بعد ہر طرف افرا تفری پھیل گئی ۔ افسوسناک سانحے میں پولیس اہلکاروں سمیت 56 نمازی شہید جبکہ 190 سے زائد زخمی ہوئے۔
تبصرے بند ہیں.