بلاول والا مارچ اپنا ہی مارچ ہے، اس کی خیر ہے: شیخ رشید

6

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمت کم کر کے پہلی بار غریب آدمی کو ریلیف دیا گیا ہے اور اب آئل اور چینی کی قیمت بھی کم ہونی چاہئے، اپوزیشن ناکام ہے اور عدم اعتماد کوئی آسان کام نہیں بلکہ اس سے ملک کی بنیادیں ہل جاتی ہیں، بلاول والا مارچ اپنا ہی مارچ ہے، اس کی خیر ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف فائر اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان غیر جانبدار خارجہ پالیسی کی جانب گامزن ہے، اور ہمیں خود کو مزید منظم کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ پہلی بار ملک کے غریب آدمی کو ریلیف ملا ہے اور اب آئل اور چینی کی قیمت بھی کم ہونی چاہئے 
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ناکام ہے اور عدم اعتماد کی تحریک لانے سے متعلق فیصلے میں ابھی بہت فاصلہ ہے، عدم اعتماد کوئی آسان کام نہیں بلکہ اس سے ملک کی بنیادیں ہل جاتی ہیں، بلاول والا مارچ اپنا ہی مارچ ہے اس کی خیر ہے جبکہ 23 مارچ کے لانگ مارچ پر اپوزیشن کو سوچنا ہوگا، 23 مارچ کو جے 17سی کے 25 جہازوں کا فلائنگ پاسٹ ہوگا اور 22اور23کو تاریخی پریڈ ہوگی ،اپوزیشن کو مارچ کے فیصلے پر غور کرنا چاہیے۔
تقریب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے سول ڈیفنس کی کارکردگی 8 اکتوبر کے زلزلے، اوجڑی کیمپ اور 1965 کی جنگ میں بھی دیکھی، خواہش ہے کہ سول دیفنس نوجوانوں کو کالجز میں ٹریننگ دیں، چاروں صوبائی دارالحکومت میں تعارفی پروگرامز کیئے جائیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی آفت دروازہ کھٹکھٹا کے نہیں آتی بلکہ ہمیں جنگی، قدرتی آفات اور دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیا رہنا چاہیے، سول ڈیفنس کی فارن ٹریننگ کا بھی بند و بست کیا جائے اور اس کے افسران کو جدید ٹیکنالوجی سے ہمکنار کروانے کی ضرورت ہے۔

تبصرے بند ہیں.