پاک، آسٹریلیا میچز کے دوران 100 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم داخلے کی اجازت

25

 اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان اور آسٹریلیا کے میچوں کے دوران 100 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دیدی ہے۔ 
این سی او سی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ سیریز میں ویکسین شدہ افراد سٹیڈیم میں جا کر میچز دیکھ سکیں گے۔ 
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 12 سال سے کم عمرکے بچے بھی اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو سٹیڈیم جا کر ایکشن میں دیکھ سکیں گے جبکہ 12 سال اوراس سے زائد عمرکے افراد کیلئے ویکسی نیشن لازمی قراردی گئی ہے۔
این سی اوسی کے مطابق 4 مارچ سے 5 اپریل تک 100 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہو گی تاہم اس دوران کورونا وائرس کیخلاف وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا لازمی ہو گا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی او سی نے اس ضمن میں پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) ،سندھ، پنجاب اورمتعلقہ اداروں کو نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 4 مارچ سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹیسٹ سیریز کے بعد تین ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ بھی ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.