پیٹرول 12 روپے مہنگا کر کے 10 روپے سستا کرنا بے قوف بنانے کی کوشش ہے: بلاول بھٹو

22

مورو: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہا ہے کہ پیٹرول 12 روپے مہنگا کر کے 10 روپے سستا کرنا بے وقوف بنانے کی کوشش ہے، اس وقت ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے، اور ہر چیز کی قیمت آسمان پر ہے، یہ نیا نہیں، مہنگا پاکستان ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے مورو میں عوامی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھین رہا ہے کپتان، روٹی ، کپڑا اور مکان، عوامی مارچ کی وجہ سے کپتان گھبرا گیا اور پیٹرول کی قیمت 10 روپے کم ہو گئی، یہ کیا سمجھتے ہیں کہ ہمیں ان کے ڈرامے نظر نہیں آتے؟ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اقتدار میں آتے ہی پہلا ڈاکہ کسانوں اور زمینداروں پر مارا اور پانی کی تقسیم میں ناانصافی کر کے انہیں نقصان پہنچایا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پیٹرول، گیس اور بجلی سمیت ہر چیز کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے، یہ نیا پاکستان نہیں، مہنگا پاکستان ہے، پیٹرول 12 روپے مہنگا کر کے 10 روپے کم کرنا بے وقوف بنانے کی کوشش ہے، عوامی مارچ کی وجہ سے حکمران گھبرا گئے، پی ٹی آئی کبھی عدالت پر حملہ کرتی ہے تو کبھی سیاسی مخالف کو جیل بھیجا جاتا ہے، مگر اب ان کا پتلی تماشہ نہیں بلکہ صرف تیر چلے گا۔ 
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ملک کا سربراہ ٹی وی پر بیٹھ کر رونا شروع ہو گیا ہے، عمران خان نے قوم سے خطاب میں میڈیا کی تنقید پر رونا شروع کر دیا، آپ اتنے ڈرپوک ہیں کہ آصف علی زرداری کے انٹرویو کو نشر ہونے سے روکا، آپ کو اندازہ ہی نہیں پروپیگنڈا کیا ہوتا ہے، ان میں تنقید سننے کا حوصلہ نہیں، کرسی پر مسلط کیا گیا شخص عوام کا نہیں سوچتا، نیا پاکستان کا اصل چہرہ غربت، مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.