حکومت آج تک ہمارے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہ کر سکی: حمزہ شہباز

9

لاہور: اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی کہتے تھے کہ ان کو جیل میں ڈالوں گا اور پیسے نکلوالوں گا ۔ حکومت آج تک ہمارے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہ کر سکی ۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی پارلیمنٹ اور عوامی اجتماعات میں جھوٹ بولتے ہیں ۔ عمران نیازی نے جنوبی پنجاب والوں سے بھی جھوٹ بولا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے قوم سے کیا گیا کوئی ایک وعدہ پورا نہ کیا ۔

 

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت 5.8 فیصد پر گروتھ چھوڑ کر گئی ، ن لیگ نے باتیں نہیں کام کر کے دکھائے ۔ نواز شریف کے دور میں 12 ہزار میگا واٹ بجلی بنائی گئی ، ہمارے دور میں 1300 ارب روپے مختلف منصوبوں پر خرچ ہوئے ۔ اس کے علاوہ ن لیگ کی حکومت نے چین کے ساتھ مل کر سی پیک منصوبوں کا آغاز کیا ۔

 

لیگی رہنما نے کہا کہ شہباز شریف کو جھوٹ بول کر بلا کر صاف پانی کیس میں گرفتار کیا گیا ، صاف پانی کیس میں 16 ملزم رہا ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی قوم کو توشہ خانہ کیس کا جواب دیں ، عمران خان سے قوم توشہ خانہ کے سوال پوچھے تو یہ پتلی گلی سے نکل جاتے ہیں ۔

 

حمزہ شہباز نے خان صاحب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کہاں ہے نیا پاکستان جس کا قوم سے وعدہ کیا گیا ؟ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے 50 لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا ۔ حکومت نے لوگوں کو بیروز گار کیا اور سر سے چھت بھی چھین لی ۔ یہ کون سے نئے پاکستان اور ریاست مدینہ کا بھاشن دیتے ہیں ۔

 

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ تحریک انصاف نے اداروں سے پیسے چھپائے ، پی ٹی آئی نے مجموعی طور پر 27 اکاؤنٹس چھپائے ۔ ان کے بینک اکاؤنٹس میں بھارتیوں کا پیسہ ہے ۔ کیا عمران نیازی کو عوامی عدالت میں پیشی نہیں دینی چاہیے ؟ وقت آگیا ہے قوم ان سے ایک ایک پائی کا حساب لے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کی طرح 126 روز دھرنا دے کر تماشا نہیں کریں گے ۔ ہم آئینی طریقے سے اس نااہل حکومت کا مقابلہ کریں گے ۔

 

 

تبصرے بند ہیں.