بلوچستان کے شہر حب میں گاڑی میں دھماکہ، بی اے پی کے ضلعی عہدیدار سمیت 3 افراد زخمی

20

کراچی: شہر قائد سے منسلک بلوچستان کے شہر حب میں آر سی ڈی ہائی وے پر ایک گاڑی میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلعی عہدیدار سمیت 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ 
تفصیلات کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو حب کے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔ 
سول ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک شدید زخمی آغا حبیب شاہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے ضلعی عہدیدار اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رکن قومی اسمبلی کے قریبی رشتہ دار ہیں۔ 
ایس ایس پی ایوب اچکزئی کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد آغاز حبیب شاہ کی گاڑی کے نیچے نصب کیا گیا تھا اور ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے دھماکہ کیا گیا جبکہ زخمیوں میں 2 لیویز حکام اور 2 راہگیر شامل ہیں۔ 
عینی شاہدین کا بتانا ہے کہ یہ واقعہ حب میں مرکزی شاہراہ پر چاکر ہوٹل کے قریب پیش آیا اور دھماکہ خیز مواد ممکنہ طور پر گاڑی کے اندر پھٹا جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔ 
حب پولیس کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل سکواڈ اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.