آسٹریلوی ٹیم دورہ پاکستان کے لیے روانہ 

32

 

سڈنی : آسٹریلیا کی ٹیم دورہ پاکستان کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کل اسلام آباد پہنچے گی ۔ تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہو گا۔

 

نیو نیوز کے مطابق آسٹریلیا کی ٹیم چارٹرڈ فلائٹ سے آ رہی ہے ۔ مہمان ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیل کر دورہ پاکستان کا آغاز کرے گی جبکہ سیریز میں شامل چاروں وائٹ بال میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے مہمان ٹیم اب راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو جائے گی۔

 

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

 

پی سی بی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان میچز کے مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

 

دونوں کرکٹ بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان سائیڈ 27 فروری کو بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی جہاں آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔

 

وائٹ بال سیریز کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ میں منتخب ہونے والے کھلاڑی 24 مارچ کو پاکستان پہنچیں گے، یہ تمام کھلاڑی اپنی آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد اسکواڈ کے دیگر ارکان سے مل سکیں گے۔

 

دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 29 مارچ کو کھیلا جائے گا، سیریز میں شامل تینوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں جبکہ تمام ون ڈے میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

تبصرے بند ہیں.