کیف: یوکرین کے چرنوبل نیوکلیئر پاور پلانٹ پر روسی فوج نے قبضہ کرلیا ہے جبکہ یوکرین کے صدارتی دفتر نے بھی تصدیق کر دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے صدارتی دفتر کے مشیر میخلو پودلیک نے گزشتہ روز روسی افواج کے چرنوبل نیوکلیئر پاور پلانٹ پر قبضہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ روسی فوج کے تنصیب پر غیر ضروری حملے کے بعد اب چرنوبل نیوکلیئر پاور پلانٹ غیر محفوظ ہے جو کہ یورپ کیلئے انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔ یوکرین نے روسی حملے میں اپنے 40 سپاہیوں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔
قبل ازیں یوکرین کے صدر زیلنسکی نے بھی کہا کہ چرنوبل نیوکلیئر تنصیب پر قبضے کیلئے روسی افواج نے علاقے پر دھاوا بول دیا ہے۔
واضح رہے کہ اپریل 1986ء میں اس نیوکلیئر ری ایکٹر میں خوفناک دھماکا ہوا تھا جس کو دنیا کے بدترین واقعات میں سے تصور کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرینی علاقوں میں روس کے حملے کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا روس کے اقدام پر سخت ردِعمل دے گی۔انکا کہنا تھا کہ یوکرین پر روسی حملہ تباہ کن اور انسانی نقصان کا سبب بنے گا۔تاہم روسی صدر نے کہا کہ بیرونی مداخلت ہوئی تو روس جواب دے گا ، انہوں نے کہا کہ آپریشن یوکرین کی دھمکیوں کے جواب اور اسلحے سے پاک خطے کیلئے ہے۔
تبصرے بند ہیں.