اسلام آباد کیخلاف اہم میچ سے قبل پشاور زلمی شدید مشکلات کا شکار

17

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے پہلے ایلی منیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ سے قبل پشاور زلمی شدید مشکلات کا شکار ہے جسے صرف 2 غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں جبکہ چند اہم کھلاڑی کورونا وائرس اور انجریز کے باعث سلیکشن کیلئے دستیاب نہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق وہاب ریاض کی قیادت میں پشاور زلمی آج اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف پہلے ایلی منیٹر میچ میں مدمقابل ہو گی جسے صرف 2 غیر ملکی کھلاڑیوں بین ہوویل اور حضرت اللہ زازئی کی خدمات حاصل ہیں جبکہ تیسرے غیر ملکی کھلاڑی بین کٹنگ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔ 
لیگ سپنر عثمان قادر اور فاسٹ باؤلر سہیل خان بھی کورونا وائرس کا شکار ہیں جبکہ پشاور زلمی کے مینٹور ہاشم آملہ کی کورونا وائرس کی رپورٹ بھی مثبت آئی تھی جس کے باعث یہ تمام افراد الگ الگ قرنطینہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مختلف وجوہات کی بناءپر پشاور زلمی کو 4 غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہونا پڑا تھا۔ لیام لیونگسٹن انگلی میں فریکچر کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوئے تو انگلینڈ کے ثاقب محمود ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کیلئے وطن واپس لوٹ گئے۔ 
ویسٹ انڈیز کے شرفین ردرفورڈ ذاتی وجوہات کی بناءپر واپس چلے گئے تو انگلینڈ کے ٹام کوہلر کیڈمور بھی انجری کے باعث ایونٹ کے بقیہ میچز سے باہر ہو گئے جن کے متبادل کے طور پر بینی ہوویل کو منتخب کیا گیا تھا۔ 

تبصرے بند ہیں.