پاکستان میں کورونا مزید 18 زندگیاں نِگل گیا

6

 

اسلام آباد: پاکستان میں  گزشتہ روز مہلک وبا  کا شکار مزید18 مریض انتقال کر گئےجس کے بعد ملک میں اب تک  عالمی وبا سے ہونیوالی اموات کی مجموعی  تعداد 30 ہزار 114ہوگئی۔

 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 42 ہزار 396کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں ایک ہزار455 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔ملک میں مثبت کیسز کی شرح 3 عشاریہ 4  فیصد ریکارڈ کی گئی۔

 

این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے شکار ایک ہزار220مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جو اس وقت آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔

 

دوسری جانب  این سی او سی نے ملک میں آنے والے مسافروں کیلئے کورونا ویکسین پالیسی پر نظرثانی کرتے ہوئے نئی ہدایات جاری کی ہیں جن پر عمل درآمد کا آغاز آج سے ہو گا ۔

 

ان نئی ہدایات کے مطابق ویکسین شدہ افراد کیلئے بورڈنگ سے چند گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے تاہم 12 سال سے زائد غیر ویکسین شدہ افراد کو 72 گھنٹے قبل پری بورڈنگ منفی پی سی آرکی ضرورت ہو گی۔

 

ملک آنے والے تمام مسافروں کیلئے مکمل ویکسی نیشن لازمی ہو گی تاہم 12 سال سے کم عمر کے مسافر لازمی ویکسی نیشن کی شرط سے مستثنیٰ ہوں گے۔ اسی طرح 12 سے 18 سال کی عمر کے مسافروں کو 31 مارچ 2022 تک لازمی ویکسی نیشن کے بغیر سفر کرنے کی اجازت ہے جبکہ بارڈر ٹرمینلز پر غیر ویکسین شدہ پیدل چلنے والوں کی آمد پر آر اے ٹیسٹ مثبت آنے والوں کو 10 دن کیلئے اپنے گھروں میں ہی قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

 

تبصرے بند ہیں.