فواد چوہدری کا اپوزیشن کو 24 گھنٹوں میں عدم اعتماد کی تحریک لانے کا چیلنج

5

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سابق صدر آصف علی زرداری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو کرپشن کی تصویر قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹوں میں عدم اعتماد کی تحریک لانے کا چیلنج دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف عدم اعتماد کیلئے بولیاں لگا رہے ہیں، حکومت کے تین ایم این ایز کو عدم اعتماد کیلئے پیسوں کی پیش کش کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ دو بڑے سوداگر ملاقاتوں میں اراکین کی خریداری کیلئے اپنا اپنا حصہ طے کر رہے ہیں لیکن حکومت کی ہارس ٹریڈنگ پر گہری نظر ہے اور ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی دعوت پر سابق صدر آصف علی زرداری اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ان کی رہائش گاہ پہنچے۔
سیاسی رہنماؤں کی ملاقات میں پہلے وزیراعظم کےخلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر مشاورت کی گئی جس کے بعد آصف زرداری، شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی الگ ملاقات بھی ہوئی جس میں سیاسی رابطوں میں پیش رفت پر مشاورت کی گئی۔ 

تبصرے بند ہیں.