آصف زرداری اور فواد چوہدری کی نااہلی کیلئے دائر درخواستیں خارج

12

 

اسلام  آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے  پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی نااہلی کے لیے دائر درخواستوں کو  خارج کر دیا۔

 

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہرمن اللہ  نے آصف علی زرداری اور فواد چوہدری کی نااہلی کی درخواستوں پر سماعت کی ۔

 

سماعت کے دوران چیف جسٹس  نے ریمارکس دیئے کہ یہ دونوں کیسز منتخب نمائندوں سے متعلق ہیں،  دونوں کو  عوام نے منتخب کر رکھا ہے جب عوام نے منتخب کر رکھا ہے تو عدالت کیوں مداخلت کرے؟ ہر سیاسی جماعت نے اپنی سوشل میڈیا ٹرولنگ ٹیم رکھی ہے عدالتوں میں اپنےمعاملات لاتے ہیں جس کیخلاف فیصلہ آئے وہ ٹرولنگ شروع کرتا ہے جب یہ سب ہونا ہے تو عدالتیں ان معاملات میں کیوں پڑیں؟

 

چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ پھر آپ کہتے ہیں ہماری عدالتیں 139نمبر پر ہیں ،  یہ ریٹنگ عدالتوں کی نہیں پورے گورننس سسٹم کی ہوتی ہے،یہ فیکٹرز پڑھیں اس میں ریٹنگ کیا صرف عدالتوں کی ہے؟میں نہیں کہتا عدالتیں بہت اچھی ہیں لیکن پورا سسٹم دیکھیں۔عدالت نے ریٹنگ کی بنیاد بننے والے فیکٹرز کی کاپی وکلا کو دے دی۔

 

عدالت نے فواد چوہدری اور آصف زرداری کی نااہلی کی درخواستیں خارج کردی ،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سیاسی جماعتیں اپنے تنازعے عدالتوں سے باہر نمٹائیں ، دو لاکھ ووٹرز کسی کو منتخب کریں تو غیر منتخب جج کیوں اسے نااہل قرار دے؟سیاسی تنازعات عدالتوں میں لانا عوام کے مفاد میں نہیں ، عدالت اس معاملے میں اپنا اختیار استعمال کرنے سے گریز کرتی ہے، درخواستیں خارج ہونے کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.