صحافی اطہر متین کا مبینہ قاتل گرفتار

150

 

کراچی:  کراچی پولیس نے بلوچستان پولیس کے ساتھ مل کر بالآخر خضدار سے سینئر صحافی اطہر متین کے مبینہ قاتل کو گرفتار کر لیا۔

 

پولیس کے مطابق  عابد علی ولد محمد امین کو سول کالونی میں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ خواتین کے کپڑوں میں ملبوس فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔جبکہ پولیس نے خضدار شہر کے دیگر علاقوں میں بھی چھاپے مارے۔

اشرف علی بنگلزئی کھنڈ کے علاقے میں چھاپوں میں سے ایک ملزم اشرف علی پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

 

پولیس نے کراچی سے صحافی کے قتل کیس میں مزید تین افراد کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

 

خیال رہے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ پولیس نے صحافی اطہر متین کے قاتلوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا لیا ہے۔صحافی کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد مراد علی شاہ نے میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دھانی کرائی کہ اطہر متین کے  قاتل کسی صورت سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبائی حکومت قانون بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے تاکہ اسٹریٹ کرمنلز کے لیے عدالتوں سے ضمانت حاصل کرنا مشکل ہو جائے۔

 

یاد رہے کہ نجی ٹی وی چینل کے سینئر پروڈیوسر اطہر متین کو 5 روز قبل 18 فروری کو کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے۔

 

یہ افسوسناک واقعہ صبح 8 بج کر 29 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب صحافی اپنی بیٹیوں کو سکول چھوڑ کر واپس آ رہے تھے۔ سڑک پر  انہوں نے دیکھا کہ دو ڈاکو ایک شہری سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صحافی اطہر متین نے اپنی کار سے ڈاکوؤں کو ٹکر مار دی جس پر ڈاکوؤں نے  کار پر فائرنگ کی اور صحافی ان کی گولیوں کی زد میں آ گئے۔ شدید زخمی حالت میں انہیں اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

تبصرے بند ہیں.