حکومتی پالیسیوں کے باعث صنعتی شعبہ ترقی کر رہا ہے: وزیراعظم 

10

 

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ صنعتی ترقی کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا،حکومت صنعتی استعداد بڑھانے اور سِک یونٹس کی بحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

 

نیو نیوز کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین اور وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار مخدوخسرو بختیار نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم کو ملکی صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے حکومت کے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ حکومت کی کورونا وباء کے دوران کامیاب معاشی و کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت صنعتوں کا پہیہ چلتا رہا جس کی بدولت روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔ پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے. حکومت صنعتوں کی موجودہ استعداد کو بڑھانے اور سِک یونٹس کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

 

وزیر اعظم کو مزید بتایا گیا کہ اس کے علاوہ صنعتوں میں روایتی شعبوں کے علاوہ نئے شعبوں کی شمولیت یقینی بنا رہی ہے جس کا مقصد درآمدی متبادل اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے. وزیرِ اعظم کے پاکستان میں صنعتوں کے فروغ کے ویژن کے عین مطابق، وزراتِ صنعت و پیداوار ملکی صنعتی پیداوار میں اضافے کیلئے صنعتوں کیلئے سہولیات کی فراہمی اور حائل رکاوٹوں کا سدِ باب یقینی بنا رہی ہے.

 

وزیرِ اعظم نے ملکی انڈسٹریل بیس بڑھانے کیلئے اقدامات کو تیز کرنے، متعلقہ حکومتی اداروں کو باہمی تعاون بڑھانے اور اس حوالے سے ایک جامع پیکیج تیار کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔

 

انہوں نے کہا کہ ملکی انڈسٹریل بیس بڑھانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ ہماری حکومت نے ملک میں پہلی مرتبہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت کیلئے جامع پالیسی دی ۔ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت صنعتی شعبہ ترقی کر رہا ہے ۔

تبصرے بند ہیں.