میچ ریفری نے ساتھی کھلاڑی کامران غلام کو تھپڑ مارنے پر حارث رؤف سے کیا کہا؟

122

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی جانب سے ساتھی کھلاڑی کامران غلام کو گراؤنڈ میں تھپڑ مارنے کے بعد ریفری علی نقوی نے حارث کو میچ کے بعد طلب کیا اور انہیں آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی۔ 
تفصیلات کے مطابق میچ ریفری نے حارث رؤف کو میچ کے بعد طلب کیا تو حارث رؤف نے اس معاملے کو دوستانہ انداز قرار دیا مگر میچ ریفری نے کہا کہ گراؤنڈ میں ہنسی مذاق سے کھیل کی شہرت کو نقصان پہنچانا کسی صورت درست نہیں ہے۔ 
ذرائع کے مطابق میچ ریفری نے حارث رؤف کو خبردار کر کے معاملہ ختم کرتے ہوئے ناصرف مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت کی بلکہ انہیں کھیل کی سپرٹ کے حوالے سے بھی سمجھایا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ آن فیلڈ امپائرز نے بھی اس حوالے سے میچ ریفری کو کوئی شکایت نہیں کی چونکہ معاملہ ایک ہی ٹیم کے دو کھلاڑیوں کا تھا اس لئے سنگین قرار نہیں دیا گیا جبکہ کھلاڑیوں کو واقعہ کے بعد گراؤنڈ میں ہنسی مذاق کرتے بھی دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران حارث رؤف کی گیند پر کامران غلام کیچ نہیں پکڑ پائے تھے، اسی اوور میں حارث کی گیند پر فواد احمد نے کیچ پکڑا تو کامران غلام حارث سے خوشی سے ملنے آئے مگر حارث نے انہیں تھپڑ رسید کر دیا۔ 

تبصرے بند ہیں.