کورونا کی صورتحال میں بہتری، مثبت کیسز کی شرح 3 فیصد سے نیچے آگئی

6

 

اسلام آباد: پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید13 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 30 ہزار53 ہو گئی ہے۔

 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید ایک ہزار961کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 15 لاکھ دو ہزار 641 ہو گئی۔

 

این سی او سی کے مطابق  گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں38 ہزار 139کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 2.51 فیصد پر پہنچ گئی۔

 

دوسری جانب  گزشتہ روز  این سی او سی کے  اہم اجلاس میں  کورونا وائرس کے کم ہوتے ٹرینڈز کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،این سی او سی کی جانب سے اجلاس میں کورونا صورتحال بہتر ہونے کے بعد پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 

اجلاس میں 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں پابندیاں نرم کر دی گئیں،انڈور اجتماعات میں شرکاء کی تعداد 300 ست بڑھا کر 500 تک کی اجازت دے دی گئی،آؤٹ ڈور تقریبات اور اجتماعات کی اجازت ہوگی۔

 

پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کی گنجائش  70 فیصد سے بڑھا کر 80 فیصد،ریلوے میں دوران سفر مسافروں کی گنجائش 80 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کر دی گئی ہے جبکہ تعلیمی اداروں کو ایس او پیز کے تحت مکمل طور پر کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دوران سفر بیوریج کی تقسیم پر 28 فروری تک پابندی برقرار رہے گی۔

تبصرے بند ہیں.