اینٹی نارکوٹکس فورس کی لاہور میں کارروائی، 51 کلو چرس برآمد

2

لاہور: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ڈیفنس گارڈن میں کارروائی کرتے ہوئے ایک گھر سے 51 کلو چرس برآمد کر کے منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والے نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اے این ایف اہلکاروں نے انٹیلی جنس اطلاع پر ڈیفنس گارڈن میں واقع ایک گھر میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 51 کلو چرس برآمد کر لی اور گھر میں موجود رخسانہ بی بی نامی ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔ 
اے این ایف ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والی ملزمہ رخسانہ بی بی کے شوہر لیاقت علی کو گرفتار کرنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں اور جلد ہی اسے قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ 
ترجمان نے مزید بتایا کہ اے این ایف اہلکاروں کو ڈیفنس گارڈن میں واقع گھر میں منشیات کی موجودگی سے متعلق مستند اطلاع ملی تھی اور معلوم ہوا تھا کہ یہ گھر منشیات ذخیرہ کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ 
ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے کے بعد اے این ایف اہلکاروں نے ڈیفنس گارڈن میں واقع مذکورہ گھر پر چھاپہ مارا تو اس دوران 51 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور ایک خاتون کو بھی گرفتار کیا گیا۔ 
اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ منشیات کا یہ مکروہ دھندہ ایک پورا گروہ چلاتا ہے اور گرفتار ہونے والی خاتون کا تعلق بھی اسی نیٹ ورک سے ہے جبکہ مزید ملزموں کی گرفتاری بھی جلد عمل میں لائی جائے گی۔ 

تبصرے بند ہیں.