پاکستانی مداحوں سے ملنے والی محبت زندگی کے بہترین لمحات ہیں: بین ڈنک

30

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں بطور کوچ لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلین کرکٹر بین ڈنک کا کہنا ہے کہ پاکستانی مداحوں سے ملنے والی محبت میری زندگی کے بہترین لمحات ہیں۔ 
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بین ڈنک نے کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ پاکستان اور ٹیسٹ سیریز کرکٹ کے مداحوں کیلئے ایک بہترین تحفہ ہو گی، آسٹریلین ٹیم کا دورہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کیلئے بے حد ضروری ہے اور میں بطور مداح اس سیریز کا شدت سے منتظر ہوں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان بہترین مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، پاکستان میں کنڈیشنز سے متعلق کچھ کھلاڑیوں سے بات چیت ہوئی ہے اور انہیں بتایا ہے کہ برصغیر کی کنڈیشن میں کھیلنا کسی چیلنج سے کم نہیں، تاہم امید ہے کہ کھلاڑی بھرپور تیاری کریں گے۔ 
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 7 میں لاہور قلندرز کیساتھ بطور کوچ اپنے کردار سے بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں، لاہور قلندرز اس وقت بہترین ٹی 20 کرکٹ کھیل رہی ہے، فخر زمان بہت محنت کیساتھ اپنے کھیل کے انداز میں بہتری لائے ہیں، اور ہر گیند کو میرٹ پر کھیلتے ہیں۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کا کتنا ٹیلنٹ ہے اور پاکستان کی نیشنل ٹیم میں شامل کھلاڑی کس قدر ٹیلنٹڈ ہیں؟ اس کا اندازہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں ان کی کارکردگی سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں مداحوں سے مجھے جو محبت ملی، وہ میری زندگی کے بہترین لمحات ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.