لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی 66 رنز سے ہرا دیا

3

 

لاہور: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے  دوسرے مرحلے کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو باآسانی 66 رنز سے ہرا دیا.

 

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے 27 ویں میچ میں قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے  بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور محض 12 کے مجموعی سکور پر تین کھلاڑی آؤٹ ہو گئے ۔ فل سالٹ2، کامران غلام  صفر اور محمد حفیظ چار  رن  بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے ۔ تاہم اس کے بعد اوپنر  فخر زمان اور  انگلش کرکٹر  ہیری  بروک نے وکٹ پر ٹھہر کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے گیند بازوں کو تگنی کا ناچ نچوا دیا اور اسٹیڈیم کے چاروں جانب شاندار چوکے چھکے لگا کر نہ صرف تماشائیوں کو محظوظ کیا بلکہ اپنی ٹیم کو بھی مضبوط پوزیشن پر لا کھڑا کیا۔ 101 رنز کی شراکت داری کے بعد فخر زمان 41 گیندوں پر 51 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے  جبکہ ہیری بروک وکٹ پر ڈٹے رہے  اور 48 گیندوں پر سنچری بھی جڑ ڈالی، انہوں نے 102 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں دس چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔  لاہور قلندرز نے مقررہ 20  اوورز میں 197 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

 

198 رنز کا ٹارگٹ حاصل کرنے کیلئے اسلام آباد یو نائیٹڈ کی جانب سے رحمن اللہ گرباز اور مبصر خان میدان میں اترے  تاہم دونوں ہی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہرنے میں ناکام رہے ، رحمن اللہ گرباز 11 گیندوں پر 20 رنز بنا سکے جبکہ  مبصر خان 6 رن بنا کر واپس پویلین لوٹ گئے۔ دیگر بیٹر بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے لیام ڈاؤسن 31، وسیم جونیئر 12،  اعظم خان 10، ، آصف علی 12، وقاص مقصود1، فہیم اشرف 2  اور  ڈی لنگے صرف 2رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔اس طرح سے  اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 9 وکٹوں پر 131 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور لاہور قلندرز کو 66 رنز کی آسان جیت مل گئی۔ قلندرز کی طرف سے  راشد خان، زمان خان، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو وکٹیں لیں۔

تبصرے بند ہیں.