ہیری بروک کی دھواں دار سنچری، اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 198 رنز کا ہدف

11

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 27 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ہیری بروک کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 198 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز نے اننگز کا آغاز کیا تو صرف 6 کے مجموعی سکور پر یکے بعد دیگرے فل سالٹ اور کامران غلام پویلین لوٹ گئے۔ سینئر آل راؤنڈر محمد حفیظ بھی صرف 12 کے مجموعی سکور 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 
ابتدائی تین وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان اور ہیری بروک نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 101 رنز جوڑ کر ٹیم کو میچ میں واپس لائے تاہم اس موقع پر فخر زمان ظاہر خان کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ انہوں نے 41 گیندوں پر 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔ 
فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد ہیری بروک کی دھواں دار بلے بازی کا سلسلہ تھم نہ سکا اور گراؤنڈ کے چاروں جانب خوبصورت سٹروکس کھیلتے ہوئے انہوں نے اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 49 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 28 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ظاہر خان اور لیام ڈاؤسن ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، سہیل اختر، کامران غلام، محمد حفیظ، فل سالٹ، ہیری بروک، ڈیوڈ ویزا، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت آصف علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں رحمن اللہ گرباز، مبصر خان، دانش عزیز، لیام ڈاؤسن، اعظم خان، فہیم اشرف، حسن علی، محمد وسیم، وقاص مقصود اور ظاہر خان شامل ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.