فضائی آلودگی بدستور برقرار، لاہور دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر

10

 

لاہور: صوبائی دارالخلافہ میں فضائی آلودگی بدستور برقرار ہے ، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور آج دوسرے نمبرپر ہے  جبکہ بھارتی شہر کولکتہ پہلے نمبر  جبکہ ،بنگلادیشی  دارالحکومت  ڈھاکا دنیا کا  تیسرا آلودہ ترین شہر  ہے۔

 

پاکستان کے دیگر آلودہ ترین شہروں میں رائیونڈ ،بہاولپور ، فیصل آباد اور کراچی بھی نمایاں ہیں۔

 

 

واضح رہے کہ دو روز قبل لاہور  ہائیکورٹ نے سموگ میں ایک بار پھر اضافے کی وجہ پی ایس ایل کو قرار دیتے ہوئے پی سی بی کیخلاف سخت نوٹس لینے کا عندیہ دیا تھا۔

 

لاہور کی عدالت عالیہ میں  سموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواست کی سماعت کے  دوران لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ شہر میں سموگ میں ایک بار پھر اضافے کی وجہ  پی ایس ایل ہے، ایونٹ کے ختم ہوتے ہی  پی سی بی کے خلاف سخت نوٹس لیا جائے گا۔

 

جسٹس شاہد کریم نے  کہا کہ  ایک مہینے کا کرکٹ ٹورنامنٹ کروانا ہے تو ٹریفک تو مینج کریں۔انہوں  نے شہر کی صورتحال پرسخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ  پی ایس ایل کی وجہ سے ساراشہر کا ماحول خراب ہوگیا ہے ، ٹریفک پولیس نے سارا کام چھوڑ دیا ہے۔ٹریفک پولیس کے ساتھ ملکر آئندہ کا پلان بنائیں۔

 

خیال رہے کہ  گزشتہ دنوں لاہور میں اسموگ میں واضح کمی دیکھی گئی تھی۔ تاہم ایک بار پھر سموگ نے شہر میں ڈیرے ڈال لیے ہیں جس سے لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس ایک بار پھر متاثر ہوا ہے۔

تبصرے بند ہیں.