ہماری سیاست پنجاب میں تگڑی ہوتی تو مسلم لیگ (ن) کی سیاست ختم ہو چکی ہوتی، فواد چودھری

43

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہماری سیاست تگڑی ہوتی تو ن لیگ کی سیاست ختم ہو چکی ہوتی۔ 

 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ حکومت مضبوط ہے اور کوئی چھوڑ کر جانے والا نہیں ہے اور جو عمران خان کو چھوڑ دے گا اس کا مستقبل ہی ختم ہو جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، بلاول بھٹو اور مریم نواز ایک ضلع نہیں چلا سکتے ہیں تو ملک کیسے چلائیں گے سارا تماشہ ہی اس لیے بنا کہ اتحادیوں نے ملاقاتیں کیں اور اتحادیوں کو ملاقاتیں ہی نہیں کرنی چاہئیں تھیں۔

 

فواد چودھری نے کہا کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ق) پی ٹی آئی کا حصہ نہیں ہیں اور ان کی اپنی سیاست ہے جبکہ تمام اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں۔

فواد چودھری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلاول بھٹو کو چیلنج کرتا ہوں وہ لاہور کی ایک یونین کونسل میں جلسہ کر کے دکھا دیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ جہانگیر ترین کبھی بھی پی ٹی آئی کے خلاف ہوں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی سطح پر جہانگیر ترین سے کوئی رابطہ نہیں ہوا البتہ میرا جہانگیر ترین سے ویسے سماجی طور پر رابطہ رہتا ہے جبکہ ق لیگ میں مونسل الٰہی سیاست کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مونس الٰہی بہت گہرا آدمی ہے، وہ بہت وزن اور دلیل کے ساتھ بات کرتے ہیں۔

 

فواد چودھری نے کہا کہ محمد زبیر کی بات پر تبصرہ کرنا بہت غیر سنجیدہ ہے کیونکہ محمد زبیر تو اسمبلی کے ممبر بھی نہیں ہیں انہیں تو وزیروں کے نام بھی پتہ نہیں ہوں گے۔

 

 

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔

تبصرے بند ہیں.