پنجاب ایک قدیم ثقافتی مرکز اور لوک ورثے کے اعتبار سے مالا مال صوبہ ہے۔وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار پنجاب کی ثقافت کو فروغ دینے کے متمنی ہیں۔ لہٰذا ثقافت کے فروغ کے لئے محکمہ اطلاعات وثقافت پنجاب اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مابین مفاہمتی یاداشت پر صوبائی وزیر ثقافت میاں خیال احمد کاسترو اورصوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوںنے دستخط کئے ہیں جس کے تحت صوبے میں چودہ مارچ کو یوم ثقافت (کلچر ڈے)منایا جائیگا۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور، ایڈیشنل سیکرٹری ثقافت فرحت جبیں،ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا کے علاوہ راقم الحروف و دیگرثقافتی و ادبی تنظیموں اور اداروں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں صوبائی وزیر ثقافت میاں خیال احمد کاسترو نے راقم الحروف سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر یوم ثقافت کی تقریبات بھرپور طریقے سے منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں اورگزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی یوم ثقافت کو سرکاری سطح پر منایا جائے گا۔ پنجاب کی زمین ادبی اور ثقافتی لحاظ سے بے حد زرخیز ہے اورپنجاب ایک قدیم ثقافتی مرکز اور لوک ورثے کے اعتبار سے مالا مال صوبہ ہے۔ثقافت اور اس سے منسلک اداروں کے تحفظ کے لیے موجودہ حکومت نے تاریخ میں پہلی بار ثقافتی پالیسی وضع کی ہے۔ تعلیم و تربیت کے ذریعے پنجابی فن اور ثقافت کی ترویج و ترقی کی جارہی ہے اورنوجوانوں کی تخلیقی و ثقافتی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یوم ثقافت پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پنجابی ثقافت کے حقیقی رنگ دنیا کو دکھائیں گے۔
اس موقع پرصوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ یوم ثقافت کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔ یوم ثقافت کی تقریبات تمام کالجوں اور جامعات میں منعقد کی جائیں گی۔اس دن کو سرکاری سطح پر منانے کا بنیادی مقصد پنجاب کے روایتی لوک میلوں کی بحالی اور فروغ کے لیے کام کرنا ہے۔جس کا مقصد صوبے بھر میں فن و ثقافت کی ترویج و ترقی کے لیے صوبائی حکومت کے متعلقہ اداروں کو مستحکم کرنا ہے۔
تقریب میں شریک سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انوریوم ثقافت کے حوالے سے بتایا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک ذرائع ابلاغ کے ذریعے پنجاب کی روایتی ثقافت کو فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے بجا طورپر کہا کہ کوئی بھی قوم اپنی ثقافت کو پس پشت ڈال کر ترقی نہیں کر سکتی اورمحکمہ اطلاعات و ثقافت فن اور ثقافت کی ترقی کے عمل میں طلبا و طالبات کو شامل رکھنے کے بھرپور موقع فراہم کررہا ہے۔ موجودہ حکومت نے پنجاب کی ثقافت کی اہمیت، افادیت اور استعداد کار کے پیش نظر صوبے کو پہلی ثقافتی پالیسی دینے کا عزم کیا تھا۔ اس کیلئے صوبہ بھر سے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے مختلف سیمینارز، ورکشاپس اور مشاورتی اجلاس منعقد کرائے تاکہ پالیسی کی تیاری میں ثقافت سے متعلقہ تمام شعبہ جات اور فنون لطیفہ کے ماہرین کی رائے شامل کیا جاسکے۔ آج ثقافتی پالیسی ایک حقیقت بن چکی ہے۔ اسی طرح یوم ثقافت بھر پور طریقے سے منا کر نہ صرف پنجاب کی ثقافت کو فروغ دیں گے بلکہ مقامی طورپر ہنرمند افراد کیلئے روزگار کا وسیلہ بھی بنیں گے۔
صوبائی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت راجہ جہانگیر انوربھی اپنے محکمے میں انتہائی فعال اور مستعد افسر ہیں ، جو ثقافت کے فروغ کیلئے دل و جان سے کوشاں ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔انہوں نے پنجاب کی ثقافت کو ترقی دینے اور پوری دنیا میں متعارف کرانے کیلئے متعدد اقدامات کیے۔ان کی یہ کاوش آئندہ نسلوں تک یاد رکھی جائے گی۔
یہاں میں یہ ذکر بھی کرتاچلوں کہ2010 میں 18 ویں ترمیم کے بعد محکمہ ثقافت صوبائی حکومت کے زیر نگرانی آیا۔ ماضی میں اس محکمہ کا کوئی پرسان حال نہ تھا۔ مگر اب پنجاب میں پہلی بار ثقافتی پالیسی تیار کی گئی ہے۔ اس پالیسی کا مسودہ اور قواعد و ضوابط بھی تیار ہیں۔اب صرف صوبائی کابینہ اس مسودہ کی منظوری چاہیے جس کے بعد حکومت اس بارے میں قانون سازی کرے گی۔ پنجاب کی پہلی ثقافتی پالیسی کا سہرا نئے وزیر ثقافت میاں خیال احمد کاسترو کو جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے بھی ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خیال احمد کاسترو صاحب نے وزارت سنبھالتے ہی بڑی عمدہ ثقافتی پالیسی تیار کی ہے جس کیلئے وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔
یہ امر خوش آئند ہے کہ فنون لطیفہ، موسیقی اور ادب و ثقافت کی ترقی کے لئے محکمہ ثقافت گراں قدر کام کررہا ہے اوریوم ثقافت کا انعقادپنجاب کی ثقافت کو فروغ دینے اور دنیا بھر میں پنجاب کی ثقافت اور ورثہ کو روشناس کرانے میں معاون ثابت ہوگا۔ وزیر ثقافت میاں خیال احمد کاسترو انتہائی محنتی، سرگرم اورپنجاب کی ثقافت کے فروغ کے لئے ہر حد تک جانے والے وزیر ہیں۔ آج سے پہلے کسی کو ثقافتی پالیسی کا خیال تک بھی نہ آیا تھا مگر انہوں نے نہ صرف اس کا ارادہ کیا بلکہ اس کو مکمل کر کے بھی دکھا دیا۔
یہاں پر یہ بات کرنا قابل ذکر ہے کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ واحد وزیراعلیٰ ہیں جو ثقافت کی ترویج و ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔ یہ پہلے وزیراعلیٰ ہیں جنہوں کے پنجاب کلچر کی حفاظت اور ترویج و ترقی کے لیے نہ صرف دلچسپی لی ہے بلکہ ان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے عملی اقدامات بھی کئے ہیں ۔امسال 14مارچ کو اس دن کی یاد تازہ کی جائے گی تاکہ پورا پنجاب اس دن کو منائے وزیراعلیٰ پنجاب کی سوچ کا اندازہ بہت وسیع ہے۔انہوں نے ہر صوبے کو اپنی ثقافت ازسرنو زندہ کرنے کی روایت ڈالی ہے۔
بلاشبہ پنجاب کی ثقافت ہماری تہذیب اور قومی امنگوں کی ترجمان ہے۔یوم ثقافت، پنجابیوں کے لئے موجودہ حکومت کا ایک بڑا تحفہ ہے۔
Prev Post
تبصرے بند ہیں.