پیر نورالحق قادری کا عورت مارچ پر پابندی کیلئے وزیراعظم کو خط

47

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے 8 مارچ کو عورت مارچ پر پابندی عائد کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا۔

 

پیر نورالحق قادری نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں 8 مارچ کو عورت مارچ پر پابندی عائد کرنے اور اس دن عالمی یوم حجاب منانے کی تجویز دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر کی جانب سے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ یوم خواتین پر عورت مارچ یا کسی بھی عنوان سے اسلامی شعائر، اقدار اور حجاب کا تمسخر اڑانے کی اجازت نہ دی جائے۔

 

خط میں تجویز دی گئی ہے کہ دنیا کو حجاب ڈے پر مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلم خواتین سے لباس کی وجہ سے کیے جانیوالے امتیازی سلوک کی طرف متوجہ کیا جائے جبکہ  بین الاقوامی برادری سے بھارتی حکومت کے اس رویے کو ختم کرانے کا مطالبہ کیا جائے۔

 

وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو عالمی یوم حجاب منانے سے متعلق لکھے گئے خط کی کاپی صدر مملکت کو بھی ارسال کی ہے۔

 

خیال رہے 8مارچ کو عالمی سطح پر یوم خواتین منایا جاتا ہے۔

 

تبصرے بند ہیں.