وزیراعظم نے میئر پشاور کے نتائج کو شیئر کر کے ای وی ایم کے مخالفین کو جواب دیدیا

104

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں مسترد شدہ ووٹوں کا مارجن جیت کے مارجن سے زیادہ ہونے پر ایک بار پھر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے ایک تصویر شیئر کی۔

تصویر میں واضح طور پر تحریر ہے کہ پشاور میں میئر کی نشست کے لیے ہونے والے پولنگ میں مسترد شدہ ووٹوں کا مارجن جیتے گئے ووٹوں کے مارجن سے زیادہ رہا۔

ٹوئٹر پر عمران خان کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر کے مطابق میئر پشاور کے الیکشن میں جے یو آئی کو 63610 ووٹ ملے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار نے 51523 ووٹ حاصل کیے۔ میئر پشاور کے انتخابات کے لیے جیت کا مارجن 12087 رہا جبکہ مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 23113 رہی۔

تصویر کے ساتھ وزیراعظم عمران خان نے ایک کیپشن بھی تحریر کیا جس میں لکھا تھا کہ کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں ایک بار پھر ڈبل اسٹمپنگ یا دیگر وجوہات کی بنا پر مسترد شدہ ووٹوں کا مسئلہ سامنے آیا۔

عمران خان نے مزید لکھا کہ 2013 کے الیکشن کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں بھی اس مسئلے کی نشاندہی کی گئی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مخالفین کے مسترد شدہ ووٹوں کے ذریعے انتخابات پر اثر انداز ہونا بھی ‘اسٹیٹس کو’ کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کی مخالفت کی ایک وجہ ہے۔

تبصرے بند ہیں.