مونال ریسٹورنٹ کا معاملہ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی اپیل مسترد

75

 

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے  مونال ریسٹورنٹ کو سیل کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

 

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں مونال ریسٹورنٹ کو سیل کرنے کیخلاف اپیل پر سماعت   ہوئی ،عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دیا۔ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت اور فریقین کو نوٹس جاری کر تے ہوئے  سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی ۔

 

وکیل مونال مخدوم علی خان نے استدعاکی کہ سی ڈی اے نے تحریری حکم سے پہلے ہی مونال کو سیل کر دیا ہے، سی ڈی اے اور مونال کا تنازع سول عدالت میں زیر التواء ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن  نے ریمارکس دیئے کہ جو کچھ ہو چکا ہے اسے فی الحال واپس نہیں کر سکتے۔

 

جسٹس مظاہر نقوی  نے استفسارکیاکہ کیا اسلام آباد ہائیکورٹ نے مروجہ طریقہ کار سے ہٹ کر فیصلہ کیا ہے؟ وکیل مونال  مخدوم علی خان  نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مقدمہ زیر التواء ہونے کے باوجود فیصلہ سنا دیا،  شواہد ریکارڈ کیے بغیر ہی اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ جاری کیا، مونال ریسٹورنٹ تو کیس میں فریق ہی نہیں تھا،ہائیکورٹ نے سوموٹو لیتے ہوئے مونال کو سیل کرنے کا حکم دیا۔ مونال کو سیل کرنے کی استدعا کسی درخواست گزار نے نہیں کی تھی۔

 

سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل کو مسترد کرتے ہوئے  سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

تبصرے بند ہیں.