پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ پنجاب کا سینئر کارکن زرینہ شیخ کو علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان

43

لاہور: پیپلز پارٹی پنجاب کی اعلیٰ قیادت گردوں کے مرض میں مبتلا پیپلز پارٹی کی سینئر کارکن زرینہ شیخ کی بیماری کا سن کر میدان میں آ گئی اور انہیں علاج معالجے کے علاوہ دیگر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق ضیاءالحق کے دور میں جمہوریت کی بقاءکیلئے قربانیاں دینے والی 92 سالہ زرینہ شیخ ان دنوں گردوں کے مرض میں مبتلا ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے لاعلاج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمر میں ان کے گردوں کا ڈائیلسز کرنا ممکن نہیں رہا، لہٰذا ان کیلئے دعائے خیر کی جائے۔

 

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب ویمن ونگ کی صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی کی ہدایت پر پیپلز پارٹی ویمن ونگ پنجاب کی انفارمیشن سیکرٹری عقیلہ یوسف، لاہور کی صدر نرگس خان، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری ناہید سحر، زونل صدر ثریا بھٹی اور پیپلز پارٹی انسانی حقوق ونگ کے صدر نصیر احمد نے ان کے گھر جا کر عیادت کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت نے ضیاءکے دور آمریت میں پیپلز پارٹی کیلئے سیاسی جدوجہد کرنیوالی جیالی زرینہ شیخ کی خدمات کو سراہا۔ اور ان کو پارٹی کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے پارٹی کی جانب سے علاج معالجے سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 

پیپلز پارٹی ویمن ونگ پنجاب کی انفارمیشن سیکرٹری عقیلہ یوسف نے زرینہ شیخ کی بیٹی شگفتہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو کسی بھی وقت مسئلہ ہو تو مجھ سے رابطہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر اچھے اور برے دور میں اپنے ورکرز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

تبصرے بند ہیں.