کورونا میں مبتلا مزید 27 مریض انتقال کر گئے

9

 

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے ہونیوالی اموات میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا،  گزشتہ روز مہلک وبا  کا شکار مزید27 مریض انتقال کر گئےجس کے بعد ملک میں اب تک  عالمی وبا سے ہونیوالی اموات کی مجموعی  تعداد 29 ہزار 828ہوگئی۔

 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 48 ہزار 37کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں 2ہزار597 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی، کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 89 ہزارسے تجاوز کر چکی ہے۔ملک میں مثبت کیسز کی شرح 5 عشاریہ 40  فیصد ریکارڈ کی گئی۔

 

این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے شکار ایک ہزار588مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جو اس وقت آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔

 

دوسری جانب حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی ہونے والے شہروں میں پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا اطلاق 16 فروری سے ہو گا البتہ کورونا اضافی کیسز  والے شہروں میں پابندیاں برقرار رہیں گی۔

این سی او سی کے مطابق مسلسل 3 دن سے زائد 10 فیصد سے کم کورونا شرح والے شہروں میں 16 فروری سے پابندیاں ختم ہو جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں جاری کورونا پابندیاں ختم ہوں گی تاہم کورونا پھیلاؤ والے شہروں میں پابندیاں برقرار رہیں گی۔

ذرائع کے مطابق کہ کم پھیلاؤ والے شہروں میں 12 سال سے کم عمر بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں مکمل بحال ہوں گی اور اس کے علاوہ کم کورونا شرح والے شہروں میں ایس او پیز کے ساتھ ڈائن ان کی اجازت بھی ہو گی۔
این سی او سی نے کورونا وائرس کی نئی لہر کے پیش نظر پابندیاں عائد کی تھیں اور 10فیصد سے زائد وائرس والے شہروں میں انڈور تقریبات، ڈائننگ بند کرنے کیساتھ مزار، ٹرانسپورٹ، سنیما اورتعلیمی اداروں میں سرگرمیاں محدود کر دی گئی تھیں۔

تبصرے بند ہیں.