استعفوں اور لانگ مارچ کے بعد عدم اعتماد کا شوشہ چھوڑا گیا ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

42

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے استعفوں اور لانگ مارچ کے بعد اب عدم اعتماد کا شوشہ چھوڑا ہے لیکن نمبر گیم میں حکومت کو واضح برتری حاصل ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سردار عثمان بزدار نے اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ استعفوں اور لانگ مارچ کے بعد اب عدم اعتماد کا شوشہ چھوڑا گیا ہے، یہ عدم اعتماد کی تحریک لا سکتے ہیں اور نہ ہی استعفیٰ دے سکتے ہیں کیونکہ ان میں لانگ مارچ کرنے کی بھی ہمت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک لانے کا شوشہ صرف چائے کی پیالی میں طوفان کے مترادف ہے کیونکہ نمبر گیم میں حکومت کو واضح برتری حاصل ہے۔ تمام اپوزیشن اکٹھی بھی ہوجائے تو بھی عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی، عدم اعتماد کے غبارے سے آئندہ چند روز میں ہوا نکل جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن عدم اعتماد کی تحریک لانے کا شوق پورا کر لے، انہیں پہلے کی طرح اس بار بھی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا، جس اپوزیشن اتحاد پر اس کی اپنی جماعتیں عدم اعتماد کر چکی ہوں، انہیں عدم اعتماد کی باتیں کرنا زیب نہیں دیتا۔

تبصرے بند ہیں.