پی ایس ایل میں شریک آسٹریلین کرکٹر بہترین سیکیورٹی کے گن گانے لگے

55

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ساتواں سیزن کھیلنے میں مصروف آسٹریلین کرکٹرز سیکیورٹی انتظامات کے گن گانے لگے اور بین کٹنگ کا کہنا ہے کہ ہماری حفاظت کسی ملک کے سربراہ کی طرح ہو رہی ہے۔ 
پی ایس ایل کے ساتویں سیزن کا دوسرا مرحلہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے اور اس میں آسٹریلیا کے بین کٹنگ پشاور زلمی جبکہ جیمز فالکنر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ آسٹریلین کرکٹ ٹیم نے بھی آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے جن کی حوصلہ افزائی کیلئے بین کٹنگ میدان میں آ گئے ہیں۔ 
بین کٹنگ کی اہلیہ ایرین ہالینڈ بھی پی ایس ایل کی میزبانی کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں اور دونوں نے پاکستان میں ملنے والی سیکیورٹی کو بہترین قرار دیا ہے۔ بین کٹنگ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی بہت ہی زبردست ہے اور ہم یہاں خود کو انتہائی محفوظ سمجھتے ہیں۔ 
ان کا کہنا ہے کہ اگر ہمارے وزیراعظم بھی پاکستان کا دورہ کریں تو انہیں اسی طرح کی سیکیورٹی دی جائے گی اور ہماری ٹیسٹ ٹیم کو بھی ایسی ہی سیکیورٹی ملے گی۔ مجھے اور میری اہلیہ کو کسی قسم کا کوئی بھی خوف یا سیکیورٹی کے حوالے سے خدشہ محسوس نہیں ہوا اور ہم پاکستان میں اپنے وقت سے بہت لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ 
بین کٹنگ نے کہا کہ پہلی مرتبہ دورہ کرنے پر تشویش کا شکار ہونا کوئی انوکھی بات نہیں لیکن میرا ذاتی تجربہ بہت زبردست رہا ہے اور اس وجہ سے میں ہر سال پاکستان آتا ہوں اور موقع ملا تو آئندہ بھی بلاجھجھک پاکستان کا دورہ کرتا رہوں گا۔ 

تبصرے بند ہیں.