چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا دورہ عمان، اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں

20

راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے عمان کا سرکاری دورہ کیا ۔ جہاں انہوں نے عمان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں ۔

 

تفصیلات کے مطابق ملاقات کرنے والوں میں عمان کے دفاعی امور کے نائب وزیراعظم ، سید شہاب بن تیمور السید ، وزیرِشاہی امور ، جنرل سلطان بن محمد النعمانی ، سلطان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف ، وائس ایڈمرل عبداللہ بن خامس عبداللہ الرئیسی ، رائل آرمی آف عمان کے کمانڈر ، رائل نیوی کے کمانڈر ، ریئر ایڈمرل سیف نصیر محسن الرحبی اور رائل ایئر فورس کے کمانڈر ، ایئر وائس مارشل خامس حماد سلطان الغفری شامل ہیں ۔

 

ملاقاتوں کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت ، دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون ، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی صورتحال بالخصوص افغانستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ معززین نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور گہرے اسٹریٹجک تعلقات کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا ۔

 

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان اور عمان دو برادر اسلامی ممالک ہیں جو دوطرفہ دفاعی تعلقات کو وسیع ، مؤثر اور قابل عمل بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں ۔

 

عمان کے معززین نے عمانی مسلح افواج کی استعداد کار میں اضافے میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا ۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا ۔

 

قبل ازیں مسکر المرتضیٰ کیمپ پہنچنے پر چاق و چوبند دستے نے جنرل ندیم رضا کو گارڈ آف آنر پیش کیا ۔

 

تبصرے بند ہیں.